نئی دہلی، 5 /دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)صدر پرنب مکھرجی، وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر حامد انصاری، مرکزی وزراء، کانگریس صدر سونیا گاندھی، کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اور مختلف دوسرے لیڈروں نے آج رات تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جے للتا کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا، اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔جے للتا کا آج رات چنئی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جے للتا کے انتقال کی خبر ملنے پر ٹوئٹ کیا،جے للتا کے انتقال سے بہت غم زدہ ہوں، ان کے انتقال نے ہندوستانی سیاست میں بڑا خلا پیدا کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں کئی موقعوں کو ہمیشہ سنبھال کر رکھوں گا جب مجھے جے للتا جی کے ساتھ بات چیت کا موقع ملا، بھگوان ان کی روح کو سکون دے۔تمل ناڈو کی سیاست کی قدآورلیڈر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے صدر پرنب مکھرجی نے کہاکہ تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جے للتا کے المناک انتقال پر تہہ دل سے افسوس۔نائب صدر انصاری نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے للتا کا انتقال ہندوستانی عوام کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں سیلوی جے جے للتا کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھی ہوں۔راہل گاندھی نے کہاکہ آج ہم نے بہت بڑا لیڈر کھو دیا، خواتین، کسان، ماہی گیروں اور محروم طبقات کے لوگوں نے ان کی آنکھوں سے خواب دیکھا، ہم جے للتا کی کمی محسوس کریں گے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی جے للتا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ سماج کے کمزور طبقوں کی طاقتور آواز تھیں، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی جے للتا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت، پڈوچیری کے وزیر اعلی وی نارائن سامی، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور بی جے پی صدر امت شاہ، تمل ناڈو اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر ایم کے اسٹالن نے بھی ان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔